وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) ہادی برحق نبی آخرالزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت مبارکہ سے حسد کرنے والے جہنم کے بدترین ٹھکانوں میں جھونکے جائیں گے۔ اربوں انسان آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کرتے ہیں اور کیوں نہ ہو کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم رب اللعالمین کے محبوب بندوں میں سے اور اﷲ کے آخری نبی ہیں۔ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت عالمی امن کو تباہ کرنے کی کفار کی سازشیں ہے منہ میں چھری بغل میں رام رام کی پالیسیوں پر عمل پیرا نام نہاد امن کی تنظیموں کو گستاخانہ خاکے شائع کرنے والے اﷲ ، رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اربوں انسانوں کے مجرم کیوں نظر نہیں آتے۔ مسلمان کسی بھی نبی یا مقدس ہستی کے حق میں اس طرح کی باتیں برداشت نہیں کر سکتے۔
ان خیالات کا اظہار نماز جمعہ کے خصوصی خطبات میں علمائے کرام نے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کیخلاف احتجاج میں کیا۔ انہوں نے کہا دین اسلام ہر طرح کے فسادات کیخلاف ہے اﷲ کے نظام کو اﷲ کی زمین پر نافذ کرنے والے رسولوں اور پیغمبروں کی شان میں اس طرح کی گستاخیاں کرنے والے سخت ترین سزا کے مستحق ہیں۔ علماء کرام نے کہا کہ امن کے نام نہاد عالمی ٹھیکیداروں کو اﷲ کے غضب سے ڈرنا چاہیئے مسلمان کمزور یا بزدل نہیں ہیں کہ وہ یہ سب کچھ برداشت کرجائیں مگر عالمی ٹھیکیداروں کو چاہیئے کہ وہ ان سازشوں کو رکوائیں نا کہ عالمی امن کی تباہی میں برابر کے شریک ہوں۔ نماز جمہ کی ادائیگی کے بعد شہر کی مختلف مذہبی، سماجی تنظیموں کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کیخلاف زبردست احتجاج بھی کیا گیا۔ خطیب جامع مسجد دھونکل چیک پوسٹ محبوب احمد خان لودھی نے کہا ہے کہ امت مسلمہ اس معاملہ پر متحد ہے کفار کسی بھی بھول میں رہیں اور امن کو تباہ کرنے والا اپنا وتیرہ بدل لیں۔ مولانا آصف ہزاروی،قاری محمد سعید ارشد،حافظ حامد سعید اور دیگر نے بھی واقعہ کیخلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجرموں کو عبرتناک سزائیں دلوائی جائیں مسلمان حکمرانوں کو ہرسطح پر اس کا مطالبہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں کسی مذہب یا مقدس ہستیوں کو نشانہ بنانا زبردست زیادتی اور دنیا کے امن وامان کو تہہ وبالا کرنے کی منظوم سازشیں ہیں۔ انہوں نے مجرمان کو پھانسی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔