اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی امام خمینی کی پچیسویں برسی

Imam Khomeini

Imam Khomeini

تہران (جیوڈیسک) آج اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی امام خمینی کی پچیسویں برسی منائی جارہی ہے۔اس موقع پر تہران میں برسی کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا کہ امام خمینی کی راہ، مسلمانوں میں اتحاد و وحدت کی راہ ہے۔

ایران کے اسلامی انقلاب کے قائد امام خمینی 3 جون 1989 کوستّاسی برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔انہوں نے ایران میں امریکا کی مداخلت اور رضا شاہ پہلوی کی شاہی حکومت کے خلاف جدوجہد کی ، جس کے بعد شاہ کی حکومت نے انہیں پہلے ترکی اور پھر عراق جلاوطن کردیا۔

عراق میں تیرہ برس کی جلاوطنی کے دوران امام خمینی نے ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کی راہیں ہموار کیں۔امام خمینی کی پیرس روانگی اور وہاں سے فاتحانہ واپسی کے ساتھ انّیس سو اناسی میں ایران کا اسلامی انقلاب، کامیابی سے ہمکنار ہوا۔

امام خمینی کی برسی میں لاکھوں ایرانی اور دنیا کے مختلف ملکوں سے آنے والے مہمان شرکت کر رہے ہیں۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب مشرق و مغرب، یہ تصور کر رہے تھے۔

کہ انھوں نے اسلامی حکومت کی بساط ہمیشہ کیلئے لپیٹ کر رکھ دی ہے، ایک عظیم سیاست داں اور عظیم دانشور کی حیثیت سے امام خمینی نے ایران میں عوام کی حمایت سے ایک دینی حکومت کی بنیاد ڈالی ، اسلامی تحریک کا پرچم لہرایا اور اسلامی حکومت اور اسلامی جمہوری نظام حکومت قائم کیا۔