اسلامی انقلاب ہی دنیا میں حقیقی امن کا ضامن ہے۔ علامہ اظہار بخاری

راولپنڈی : متحدہ علماء محاذ پاکستان صوبہ پنجاب کے زیر اہتمام صوبائی سیکریٹریٹ راولپنڈی میں اسلامی انقلاب ایران کی سالگرہ کے موقع پر علامہ اظہار بخاری کی زیر صدارت منعقدہ سیمینار بعنوان ”اسلامی انقلاب امن عالم کا ضامن ”میں شریک مختلف مکاتب فکرکے علماء مشائخ نے کہا ہے کہ اسلامی انقلاب ہی دنیا میں حقیقی امن کا ضامن ہے۔

برادر اسلامی ملک ایران میں امام خمینی کے اسلامی انقلاب کے باعث مسلم ممالک میں بیداری پیداہورہی ہے انہوں نے ایک ظالم ‘جابر’عیاش حکمران کی شہنشاہیت کے غرور کو خاک میں ملاکر عدل و انصاف اور امن و وحدت پر مبنی اپنی فقہ کے مطابق اسلامی حکومت کی بنیاد رکھی اور قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی مظلوم فلسطینیوں کی خودمختاری کے لئے ان سے اظہار یکجہتی کی خاطر جمعة الوداع کو یوم القدس کے طور پر منانے کا جرأت مندانہ اعلان کیا۔ اور امریکہ سمیت عالمی استعمار کی آنکھوںمیں آنکھیں ڈال کر فلسطین ‘افغانستان سے متعلق جرأت مندانہ پالیسیوں اور ایران کی ترقی پرکسی بھی دبائو کو یکسر مسترد کردیا۔ اسلامی انقلاب پاکستان سمیت مسلم ممالک میں دستک دے رہا ہے۔

پاک ایران تعلقات کو مستحکم کرنے اتحاد بین المسلمین کے فروغ اور فرقہ واریت’ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے دونوں ممالک کے درمیان علماء مشائخ دانشوروں کے وفود کے باہمی مطالعاتی دوروں کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں شیعہ سنی کا مسئلہ کل تھا نہ آج ہے۔ پاکستان ‘ایران’سعودی عرب سمیت مسلم ممالک کے درمیان اتحاد ہی بقا کی ضمانت ہے۔

یہود و نصاریٰ مسلم ممالک کواپنا محکوم اور منشتر و کمزور کرنا چاہتے ہیں۔سیمینار سے متحدہ علماء محاذ کے سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری’ امن کمیٹی کے چیئرمین علامہ اظہار بخاری’ صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ سلیم حیدر ‘سربراہ امام حسین کونسل پاکستان ڈاکٹر غضنفر مہدی’ تحریک منہاج القرآن کے علامہ حیدرعلوی’ جامعہ فاروقیہ مہریہ کے سربراہ صاحبزادہ سجادہ نشین علامہ نثار المصطفی باغدروی’ عالمی تحریک پنجتن پاک کے سربراہ پیر عظمت اللہ سلطان’ قومی امن کمیٹی بین المذاہب اور علماء مشائخ ونگ مسلم لیگ (ن)کے چیئرمین علامہ ایاز ظہیر ہاشمی’ صوفیہ امامیہ نوربخشیہ کے رہنما علامہ علی موسوی ‘خطیب اہلسنت مفتی عبدالشکور فاروقی’ایم یو ایم کے علامہ شاکرنقوی’ النعیمیہ انٹرنیشنل قرأت اکیڈمی کے قاری اعظم نورانی’ آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے صوبائی رہنما شیخ مظہر علی اور دیگر نے خطاب کیا۔