اسلامی تعلیمات امن، محبت اور اتحاد و یکجہتی کا درس دیتی ہیں۔ محمد امین الحسنات شاہ

Sialkot

Sialkot

سیالکوٹ: وزیر مملکت برائے مذہبی امور بین المذاہب ہم آہنگی پیر محمد امین الحسنات شاہ نے کہا کہ اسلام انسانی حقوق کا سب سے بڑا علمبردار اور تمام عالم انسانیت کیلئے منبع رشدوہدایت ہے۔اسلام میں قتل و غارت کی کوئی گنجائش نہیں بلکہ اسلامی تعلیمات امن، محبت اور اتحاد و یکجہتی کا درس دیتی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ سیالکوٹ کے دوران پاکستان مشائخ وعلماء کونسل کے مرکزی سینئر وائس چیئرمین پیر سید امجد علی شاہ گیلانی کی قیادت میں ملنے والے وفد سے ملاقات میں کیا۔وفد میں مرکزی وائس چیئرمین پیر حافظ محمد اشرف نقشبندی ،سیکرٹری انفارمیشن ملک مظہر حسین اعوان ،ڈویژنل چیف آرگنائزر گوجرانوالہ حاجی محمد آصف نذیر قریشی ،ضلعی چیئرمین پیر سید فدا حسین شاہ زنجانی ،جنرل سیکرٹری علامہ توقیر الحسن قادری ،علامہ حافظ نیاز احمد الازہری ودیگرشامل تھے۔پیر امین الحسنات نے کہا کہ قومی ایکشن پلان ملکی بقاء و سلامتی کا ضامن ہے جس پر سختی کے ساتھ عمل درآمد کروایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ لائوڈ سپیکر ایکٹ پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔تمام مساجد و دیگر عبادت گاہوں پر ایک سے زائد سپیکر کی ہرگز اجازت نہیں ۔ سپیکر تبلیغ و تعلیم کا ذریعہ نہیں پرانے وقتوں میں کون سے لائوڈسپیکر تھے جب حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری نے نوائے لاکھ غیر مسلموں کو مشرف بہ اسلام کیا ۔انہوں نے فقط اپنے عمل و کردار سے لوگوں کو دین کی طرف راغب کیا۔پیر امین الحسنات نے علماء و مشائخ پر زور دیا کہ وہ عوام کی اصلاح کے سلسلہ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کا ضرب عضب بڑی تیزی سے جاری ہے اور اس سے جہاں دہشت گردوں کا صفایا ہورہا ہے وہاں ملک میں ترقی و خوشحالی کی نئی راہیں کھلیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے کہ جہاں اقلیتوں کو بھی برابری کے حقوق حاصل ہیں۔