اسلام آباد (صدام انقلابی) انجمن طلباء اسلام انٹر نیشنل اسلامک یونیورسٹی کے زیر اہتمام منعقدہ بک فئیرمیں دوسرے روز بھی رنگا رنگ تقریبات جاری رہیں۔
دوسرے روز کی افتتاحی تقریب میں بانی رکن انجمن طلباء اسلام میاں فاروق مصطفائی ، سید جوادلحسن کاظمی وائس چیئرمین سنی اتحاد کو نسل ،سید بوعلی شاہ ناظم اے ٹی آئی شمالی پنجاب ،شہزادہ بٹ رکن مجلس شوری شمالی پنجاب ،ناظم جامعہ سید افضال احمد اور دیگر نے شرکت کی اور بک سٹالز کا تفصیلی دورہ کیا ۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے سید جوادلحسن کاظمی نے کہا کہ ATIطلباء میں علم کی آگہی کے چراغ روشن کرنے میں اپنا کردار کتاب میلہ کے ذریعے کررہی ہے۔
جس پر انجمن کا ہر کارکن مبارک باد کا مستحق ہے ،کتاب اور قلم کے رشتے کو استور کر کے ہی ہم دہشت گردی اور بے راہ روی کا خاتمہ کر سکتے ہیں ۔جن کے ہاتھوں میں کتاب ہوگی ان کے سینوں پر بم نہیں ہو گا بلکہ ان کے سینوں سے علم کا نور نکل رہا ہوگا ۔بانی رکن میاںفاروق مصطفائی نے کہا کہ انجمن کی تاریخ جانفشانیوں اور قربانیوں سے بھری پڑی ہے عشق رسول سے سر شار اور وطن کی مٹی سے پیار انجمن کے ہر کارکن کے انگ انگ میں سمایا ہوا ہے ۔سید بوعلی شاہ نے کہا کہ علم و عمل کی عملی تصویر اگر کوئی آنکھ دیکھنا چاہے تو وہ دیکھ سکتی ہے کہ اس انجمن کا ہر کارکن عملی تصویر ہے جن کی زباں سے فقظ نبی کی محبت کی اور عشق کی صدا نکلتی ہے تقریب سے شہزادہ بٹ رکن مجلس شوری شمالی پنجاب ،سابق ناظم جامعہ کے علاوہ دیگر نے بھی خطاب کیا۔
اس کے علاوہ معین الدین نوری کی تاریخی کتاب انجمن طلباء اسلام کی ”تقریب اجراء ” بھی ہوئی جس میں کتاب کے مصنف نے انجمن کے نظریات ،جد جہد اور اثرات کو بڑی تفصیل سے قلم بند کیا مصنف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس کتاب کو لکھ کر مجھے انتہائی مسرت ہو رہی ہے کہ میں نے اپنی جان سے پیاری تنظیم کی تاریخ کو قلم بند کیا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناظم جامعہ سید افضال احمد نے کہا کہ ہماری انجمن عشق رسول اور علم دوستی پر یقین رکھتی ہے علم کی طاقت سے ظلمت و جہالت کے اندھیروں کو ختم کرنے کے لیے جو ممکن ہوا ہم کرتے رہیں گے ،بک فیئر سے طلباء میں کتاب بینی کا جو شوق پیدا ہوا ہے اس کو دیکھ کر لگتا ہے کہ اب جہالت کے اندھیرے جلد چھٹنے کو ہیں۔
انہوں نے بک فیئر میں شرکت کرنے والے مہمانوں کو شیلڈ بھی پیش کیں دن بھر بک فیئر میں طلباء ،وکلاء ،مذہبی ،سیاسی اور سماجی شخصیات کی آمد و رفت کا سلسلہ جاری رہا ۔آئی جی موٹر وے ذوالفقار چیمہ اور دیگر نے بھی بک فیئر کا دورہ کیا اور انجمن طلباء اسلام اور ناظم جامعہ سید افضال احمد کی کتاب دوستی کو خراج تحسین پیش کیا آئی جی موٹر وے ذوالفقار چیمہ نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر انتہائی خوشی ہو رہی ہے کہ انجمن طلباء اسلام نوجوان نسل میں مطالعہ کا شوق اور تحقیق کی جستجو بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے