اسلام آباد (جیوڈیسک) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد نے اپنے 9 ویں کا نووکیشن کے موقع پر سعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ عبداﷲ بن عبدالعزیز کو سیاسیات و تعلقات عامہ میں ڈاکٹر آف فلاسفی کی اعزازی ڈگری دی ہے۔
بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے چانسلر صدر ممنون حسین نے یہ ڈگری شاہ عبداﷲ کے نمائندے، اسلامی یونیورسٹی کے پرو چانسلر، سعودی عرب کی امام محمدبن سعود اسلامی یونیورسٹی کے صدر سلیمان ابن عبداﷲ ابا الخیل نے وصول کی۔
سعودی شاہ کویہ ڈگری ان کی امت مسلمہ کی فلاح و بہود، تعلیمی اقدامات، امن اور استحکام کے لیے گراں قدر خدمات کے اعتراف میں دی گئی۔
صدر ممنون حسین نے یونیورسٹی کے بورڈآف گورنرز، ریکٹر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی اور صدر ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش کی تجویز کے بعد شاہ عبداﷲ کو اعزازی ڈگری دینے کی منظوری دی۔ اس سے قبل اسلامی یونیورسٹی جنوبی افریقہ کے سابق صدر نیلسن منڈیلا، سابق ملائشین وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد، عبداﷲ حاجی احمد بداوی، شہزادہ حسن بن طلال اردن اور اکمالدین اوگلو سمیت نامور عالمی رہنمائوں کو اعزازی ڈگریاں دے چکی ہے۔