اسلاموفوبیا کے خلاف پاکستان، ملائیشیا اور ترکی کا مشترکہ ٹی وی چینل کھولنے کا اعلان

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انہوں نے ترک صدر طیب اردوان اور ملائشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد کے ساتھ مل کر ’’اسلاموفوبیا‘‘ کو روکنے کے لیے انگریزی زبان میں ایک مشترکہ ٹی وی چینل شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو ہمارے عظیم مذہب کی درست انداز میں ترجمانی کرے گا۔

وزیر اعظم نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا میری آج ترک صدر طیب اردوان اور ملائشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد سے ملاقات ہوئی۔ ہم فیصلہ کیا ہے کہ تینوں ممالک مل کر ایک ایسا انگریزی چینل شروع کریں گے جو ’’اسلاموفوبیا‘‘ سے جنم لینے والے چیلنجز کے مقابلے اور ہمارے عظیم مذہب ’’اسلام‘‘ کے حقیقی تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے مختص ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا اس چینل کے ذریعے ایسی تمام غلط فہمیوں جو لوگوں کو مسلمانوں کے خلاف یکجا کرتی ہیں، کا ازالہ کیا جائے گا۔ توہین رسالت کے معاملے کا سیاق و سباق درست کیا جائے گا، توہین آمیز مواد سے متعلق باقاعدہ آگاہی فراہم کی جائے گی۔

وزیراعظم نے مزید کہا دنیا کو تاریخ اسلام سے روشناس کرانے اور اسلام کی تاریخ سے واقفیت کرانے کے لیے سیریز اور فلمیں بنائی جائیں گی اور میڈیا میں مسلمانوں کے وقف حصے کا اہتمام کیا جائے گا۔