کراچی (جیوڈیسک) معین الدین حیدر نے کہا کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، اغواء برائے تاوان میں کمی آنے کے بعد اسماعیلی برادری کے ساتھ ہونے والی دہشت گردی دشمن کی کارستانی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن اور کشمیر میں مداخلت کی بندش کیلئے پاکستانی اقدامات کا جواب اگر ہندوستان پاکستان میں دہشت گردی کے ذریعہ دینا چاہتا ہے تو پھر عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا ہو گا۔ جب بغیر میرٹ کے پولیس میں بھرتیاں ہونگی تو پھر پولیس کارکردگی کیا دکھائے گی۔
انہوں نے کہا کہ رینجرز اور پولیس کو بہت سے اختیارات ملے ہیں لیکن ابھی اختیارات کا استعمال نہیں ہو رہا۔ جنرل معین الدین حیدر نے کہا کہ دیکھنا ہو گا کہ کراچی میں آپریشن کے بعد امن کسے ہضم نہیں ہو پا رہا۔
اگر ہندوستان دہشتگردی میں ملوث ہے تو اسکا مکروہ چہرہ ایکسپوز کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن کے حوالہ سے اسلام آباد کا کردار سنجیدہ ہے مگر اقدامات موثر اور نتیجہ خیز ہونے چاہئیں۔