اسلام آباد : اسلام آباد پریس کلب تا چائنہ چوک بھارتی مظالم کے خلاف ریلی منعقد ہوئی آئی ایس او مرکزی رہنماء سرفراز نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری مسلمان بھائیوں کے ساتھ مذہبی و شعوری رشتہ ہے جو خون کے رشتے سے کہیں زیادہ مضبوط ہے۔
کشمیری مسلمانوں پر طویل عرصے سے ظلم وستم ڈھایا جا رہا ہے جو کہ انسانی تاریخ کی بدترین مثال ہے مظلوم کشمیری عوام بھارتی فوجی درندوں کا شکار ہو رہے ہیںکشمیری مسلمانوں کو قتل کیا جاتا ہے یا بغیر مقدمات سالہا سال قید و بند کا نشانہ بنایا جاتا ہے، اس کے باوجود اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظمیں، بھارتی مظالم پر خاموش ہیں۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج ظلم واستبداد کا بازار گرم کئے ہوئے ہے، جو کہ انسانی حقوق کی صریحا خلاف ورزی ہے، بھارت ظلم اورطاقت کے بل بوتے پر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبایا نہیں سکتا ۔ مقررین نے کہا کہ کشمیر کی جنگ پاکستان کی بقا کی جنگ ہے، بانی پاکستان محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا۔
اقتصادی طور پر بھی پاکستان کی بقا ء کشمیر کے ساتھ وابستہ ہے۔عالمی برادری کو اس صورت حال کا نوٹس لے کر کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلانا چاہیے۔منحوس ٹرائی اینگل کشمیر کی آزادی میں حائل سب سے بڑی رکاوٹ ہے، امریکہ اسرائیل اور بھارت کے متعصبانہ رویہ کی وجہ سے کشمیری آزادی کی نعمت سے محروم اور ظلم کا شکار ہیں انسانی حقوق کے علمبردار ادارے اور طاقتیں کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق دلوانے میں جان بوجھ کر بے مروتی سے کام لے رہی ہیں۔
جبکہ تمام انسانی حقوق کے ادارے کشمیر کی آزادی اور کشمیریوں کے حقوق کے لئے متفق ہیں، امریکہ اسرائیل کے متعصبانہ رویہ کی بنیاد پر بھارت نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا ہوا ہے۔ مسئلہ کشمیر ایک انسانی مسئلہ ہے جس کے لئے تمام امت مسلمہ کو چاہئے کہ وہ متحد ہو کر کشمیرکی آزادی کے لئے آواز بلند کرے اگر پاکستانی حکمران اس مسئلہ کو سنجیدگی سے حل کرنے کی کوشش کرتے تو آج کشمیری عوام بھارتی مظالم سے چھٹکارا حاصل کر لیتے، بھارت اور امریکہ کا حالیہ گٹھ جوڑ پاکستان اور اسلام کے لئے خطرہ ہے۔
بھارت امریکہ کے ساتھ ملک بھر خطے میں بدامنی کی فضا پھیلانا چاہتا ہے۔ آئی ایس او پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارت سے اظہار برات کرتے ہیں ۔ہم یہ باور کروانا چاہتے ہیں کہ بھارتی تشدد اور ہٹ دھرمی آزادی کی جدوجہد کو ختم نہیں کر سکتا ہے، کشمیر ایک دن ضرور آزاد ہو گا کیونکہ کشمیری مظلوم قوم استقامت کا پہاڑ بن کر بھارتی مظالم کا سامنا کر رہی ہے۔
مقررین نے مطالبہ کیا کہ دنیا میں انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس ظالمانہ فیصلہ کیخلاف آواز بلند کریں۔ آئی ایس او نے ہمیشہ سے مظلومین کی حمایت کی ہے، کیونکہ ہم ہر ظالم کے مخالف اور ہر مظلوم کے حامی ہیں ہم مظلوم کشمیریوں پر ہونے والے ظلم کے خلاف ہرگز خاموش نہیں بیٹھیں گے متحدہ طلباء محاذ کے پلیٹ فارم سے بھی اس ظلم پر صدائے احتجاج بلند کریں گے۔