آئی ایس او پاکستان کا 42 واں سالانہ تین روزہ مرکزی کنونشن 27 ستمبر سے لاہورمیں شروع ہوگا
Posted on September 24, 2013 By Geo Urdu لاہور
لاہور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی نائب صدر وچیئرمین کنونشن ابوذر مہدی نے کہا ہے کہ آئی ایس او کے 42 ویں سالانہ مرکزی ”اُمید مستضعفین جہاں کنونشن”کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ امامیہ طلباء کل سے اپنے اپنے علاقوں سے روانہ ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں انتظامی اُمور کے سربراہان کے اجلاس کے بعد میڈیا کو جاری ایک بیان میں کیا۔
اجلاس میں انتظامی اُمور کے سربراہان نے اپنے اپنے شعبے کی رپورٹ پیش کی۔ انتظامی اُمور کے سربراہان نے چیئرمین کنونشن کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 27 ستمبر سے شروع ہونے والے کنونشن کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ پورے پاکستان بشمول آزاد کشمیر اور شمالی علاقہ جات سے ہزاروں سٹوڈنٹس شرکت کریں گے۔ علاوہ ازیں مرکزی کنونشن کی تشہیراتی مہم لاہورمیں عروج پر ہے۔
لاہور شہر کے مختلف علاقوں وال چاکنگ اور کنونشن کی آگاہی کے لیے کیمپ لگائے گئے ہیں۔ آئی ایس او پاکستان کے مرکزی رہنما سید تجمل حسین نقوی نے وحدت روڈ پر لگائے گئے آگاہی کیمپ کا دورہ کیا اور کیمپ میں موجود نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر تجمل نقوی کا کہنا تھا کہ آئی ایس او پاکستان کے کارکنان دوران تعلیم تعلیمی اداروں میں اسلامی اقدار کے پاسبان جبکہ معاشرے میں فعال کردار ادا کررہے ہیں۔