لاہور : امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر علی مہدی نے روح اللہ موسوی الخمینی کی 27 ویں برسی کے موقع پر لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام راحل کی فکر آفاقی فکر تھی، ان کی فکر کسی خاص مکتب اور علاقہ تک مخصوص نہیں تھی۔ اسی لئے دنیا بھر کے مستضعفین، مظلومین ار حریت پسند امام خمینی کی فکر پر عمل پیرا ہیں، امام خمینی نے اسلام کے حقیقی چہرہ کو دنیا میں نمایاں کیا۔
انقلاب اسلامی سے قبل اسلام کو ایک مخصوص فکر تک محدود کیا گیا تھا، امام نے لوگوں تک حقیقی اسلام ناب محمدی کے پیغام کو پہنچایا اور دنیا بھر کے مذاہب کو بھی فکر دی کہ آفاقی اور حقیقی اسلام کی تعلیمات کو اپنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آیت اللہ خمینی کی نہضت، نہضت انبیا ء و نہضت آئمہ کرام کا تسلسل ہے، امام نے دنیا بھر کے مستضفعین و مظلومین کو استعمار دشمنی سے آگاہ کیا، 2500 سالہ شہنشاہیت کے بت کو پاش پاش کرکے یہ ثابت کیا کہ خدا پر کامل یقین کی بدولت وقت کے فرعون کو مغلوب کیا جاسکتا ہے، اس لئے امام کی فکر ہم سے استعمار دشمنی کو جاری رکھنے کا تقاضا کرتی ہے۔
علی مہدی کا کہنا تھا کہ فکر امام خمینی دنیا بھر کے مستضعفین و حریت پسندوں کی امیدوں کا محور ہے، جب بھی حریت پسند اور انقلابی قوموں کی زندگیوں میں انقلاب رونما ہوتے ہیں، ان واقعات کے پس منظر میں نظریات و شخصیات کا عمل و دخل ہوتا ہے، کچھ شخصیات علاقہ یا ملک تک محدود نہیں بلکہ جن کے اثرات عالمی سطح پر ہوتے ہیں۔ امام خمینی نے جو انقلاب برپا کیا جو صرف ایک خطہ تک محدود نہیں بلکہ دنیا بھر میں مظلومین و مستضفین کی امید کا مرکز ہے، امام خمینی ایک جہد مسلسل کا نام ہے۔
امام نے اپنی نہضت، اپنا وظیفہ سمجھتے ہوئے وقت کے یزیدوں کے خلاف قیام کیا، امام خمینی نے 1963 اور بعد میں ہونے والی سازشوں اور مشکلات کے باوجود اپنی حجت کو تمام کرکے یہ ثابت کیا کہ کسی بھی دور کا حسینی وقت کے یزید کے سامنے سر نہیں جھکا سکتا۔ اسی فکر پر عمل پیرا ہوتے ہوئے یمن، فلسطین، عراق، شام، لبنان اور دنیا بھر کے دیگر مستضعفین و مظلومین نے استعمار و استکباری طاقتوں کے خلاف قیام کیا اور اسلام کے حقیقی، واضح اور روشن چہرہ کو نمایاں کیا، امام خمینی کی انقلابی تحریک کی بدولت دنیا بھر کے مظلوم و مستضعفین کو تحرک ملا۔
پاکستان میں بھی آئی ایس او کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انقلاب اسلامی کے بعد نوجوان طبقہ میں امام خمینی کی انقلابی سوچ سب سے پہلے ترویج دی اور لوگوں کو حقیقی اسلام، استعمار دشمنی سے متعارف کروایا، آئی ایس او کے کارکنان آج بھی امام خمینی کی انقلابی و آفاقی فکر پر گامزن ہیں۔
انہوں نے نوجوانوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالم اسلام کی مشکلات کا حل امام خمینی کی فکر کی ترویج و تحفظ ہے۔