اسرائیل (جیوڈیسک) اسرائیل نے غزہ میں اپنی کارروائیاں تیسرے روز بھی جاری رکھیں، اور تازہ فضائی کارروائی میں مزید 11 افرا د شہید ہو گئے، جس سے اب تک ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 88ہو چکی ہے۔
صیہونی ریاست کی طر ف سے جمعہ کی رات اور صبح سویرے بھی حملے جاری رکھے گئے اور غزہ میں متعدد مقامات کو فضائی کارروائی کے دوران نشانہ بنایا گیا۔غزہ شہر میں ایک گاڑی میں سوار تین لوگ جب کہ خان یونس میں ایک عمارت پر بمباری سے آٹھ افراد ہلاک ہو گئے۔
جنگ بندی کی سفارتی کوششوں کے باوجود اسرائیلی جنگی طیاروں نے جمعرات کو مسلسل تیسرے روز بھی غزہ کے سینکڑوں مقامات پر بمباری کی جن میں فلسطینی حکام کے مطابق اب تک بچوں اور خواتین سمیت 85 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
اسرائیلی حملوں کے جواب میں غزہ پر حکمران فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے جنگجووں کی جانب سے تل ابیب اور یروشلم سمیت کئی اسرائیلی شہروں پر راکٹ داغنے کا سلسلہ بھی جاری ہے لیکن ان سے اب تک کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
اسرائیلی حکومت کے مطابق حماس کے بیشتر راکٹوں کو میزائل دفاعی نظام آئرن ڈوم نے فضا میں ہی تباہ کردیا ہے۔