اسرائیل کے حملوں میں تیزی، 75 فلسطینیوں کو موت کی نیند سلا دیا گیا

Israel Attacks

Israel Attacks

غزہ (جیوڈیسک) اسرائیل نے فلسطینوں پر حملوں میں تیزی کا اعلان کر دیا، تین روز سے جاری وحشیانہ بمباری میں خواتین اور معصوم بچوں سمیت پچھتر افراد کو موت کی نیند سلا دیا گیا،اسرائیلی جارحیت پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج ہو رہا ہے۔

اسرائیل نے فلسطینی مسلمانوں پر ظلم کی انتہا کر دی، تین روز سے مسلسل فلسطینیوں پر بم برسا رہا ہے ۔ تازہ کارروائی میں اسرائیلی فوج نے خان یونس میں ایک کافی شاپ کو نشانہ بنایا، حملے میں چھ فلسطینی شہید اور پندرہ زخمی ہوگئے۔

وسطی غزہ میں پناہ گزینوں کے کیمپ کو نشانہ بنایا گیا جس میں آٹھ شہری شہید ہوئے ۔ بمباری سے جاں بحق ہونے والوں میں اٹھارہ بچے اور دس خواتین بھی شامل ہیں۔

سیکڑوں گھر ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئے۔ جواب میں حماس نے تل ابیب ، مقبوضہ بیت المقدس اور اسرائیلی ایٹمی پلانٹ ڈیمونا پر کئی راکٹ داغے لیکن اسرائیل کے ڈیفنس سسٹم نے ان راکٹوں کو فضا ہی میں تباہ کر دیا۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے مشرق وسطی کی اس خونریز صورت حال کو انتہائی پریشان کن قرار دیا ہے۔ صورتحال پر غور کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ایک ہنگامی اجلاس بھی آج ہوگا ادھر امریکی شہر نیویارک میں سیکڑوں افراد نے فلسطینیوں کے حق میں ریلی نکالی۔