غزہ (جیوڈیسک) غزہ میں اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ 14 روز کے دوران جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 573 ہوگئی۔ حماس کی جوابی کارروائی میں 25 اسرائیلی فوجیوں سمیت 27 اسرائیلی بھی مارے گئے ،غزہ میں بمباری کے نتیجے میں 7 کمسن بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ اسرائیلی فوج نے سرحد عبور کرنے کا الزام لگاتے ہوئے فائرنگ کر کے مزید 10 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔
دیر البلاح کے اسپتال پر اسرائیلی فوج کے حملے میں، 5 فلسطینی جاں بحق جبکہ 70 زخمی ہوئے۔ایک مکان پر بم باری کے نتیجے میں 7بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ غزہ سٹی میں مکان پر بم باری کے نتیجے میں 4بچوں سمیت مزید 9 افراد شہید ہوئے، غزہ سٹی ہی میں بمباری سے 5بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق ہوئے۔ فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ پر اسرائیلی فوجی جارحیت کے دوران 2600 سے زائد افراد بھی زخمی ہوچکے ہیں۔دوسری جانب حماس نے بھی جوابی کارروائی میں 7 اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کر دیا ۔اس طرح اب تک 25 فوجیوں سمیت مرنے والے اسرائیلیوں کی تعداد 27 ہوگئی ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق ایک لاکھ سے زائد افراد پناہ گزین کیمپوں میں آچکے ہیں،ادھر متحدہ عرب امارات نے غزہ میں تعمیر نو کے لیے 4 کروڑ 10 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے بھی غزہ کے لیے 47 ملین ڈالر امداد کااعلان کیا ہے۔جبکہ ترکی نے فلسطینیوں کی بڑی تعداد میں اموات پر ملک بھر میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔