غزہ (جیوڈیسک) اسرائیل سے بے دخل فلسطینیوں کا گھر واپسی کیلئے احتجاج، مظاہرین کا سرحد پر اجتماع، صیہونی ریاست کا پرچم جلانے کا عزم، فوجیوں کی فائرنگ سے ریڈ کراس کے اہلکار سمیت تیس افراد زخمی۔
غزہ کی پٹی میں مقیم مہاجرین کا گھر واپسی کیلئے احتجاج تیسرے ہفتے میں داخل ہو گیا۔ نہتے فلسطینی ایک بار پھر اسرائیلی سرحد کے قریب قائم احتجاجی کیمپوں پر پہنچ گئے۔ تاک میں بیٹھی صیہونی فورسز نے مظاہرین پر گولیاں برسانے کا سلسلہ شروع کر دیا۔
فلسطینی حکام کے مطابق غزہ کے اسپتالوں میں زخمیوں کو لانے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ احتجاجی کیمپوں کے قریب بھی متعدد میڈیکل کیمپ لگائے گئے ہیں جہاں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دی جاتی ہے۔
ریڈ کراس کے ایک اہلکار کو گھٹنے میں گولی ماری گئی ہے جو وہاں امدادی کاموں میں ٘مصروف تھا۔ آج کے مظاہرے میں ایک دیو قامت اسرائیلی پرچم کو نذر آتش کیا جائے گا، تین ہفتوں سے جاری مظاہروں میں ایک صحافی سمیت 34 افراد شہید ہو چکے ہیں جبکہ ایک ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔