پاکستان (جیوڈیسک) مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل علا مہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ اسرائیل اور امریکہ اسلام کے دشمن ہیں مسلمان آپس میں لڑنے کی بجائے مشترکہ دشمن کی پہچان کریں۔ ایوان اقبال لاہور میں امام خمینی کی برسی کی مناسبت سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ امریکہ افغانستان اور عراق جبکہ اسرائیل فلسطین میں مظالم کررہا ہے۔ وہ مضبوط نہیں کمزور پاکستان چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم شیعہ اور علامہ اقبال سنی، دونوں نے مل کر پاکستان بنایا تھا۔
اب دونوں فرقوں کو مل کر ملک بچانا چاہیے۔ پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ امام خمینی اور ذوالفقار علی بھٹو دونوں ہی استعماری طاقتوں کے مخالف تھے۔ سینیٹر فیصل رضا عابدی نے کہا کہ وہ ایسے جہاد کو اسلامی نہیں مانتے جس کی فنڈنگ امریکہ اور اسرائیل کرے۔
تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چودھری نے کہا کہ ایران میں فکر امام خمینی اور پاکستان میں فکر اقبال پر عمل ہوتو دنیا بھر میں اسلام کا بول بالا ہو گا۔ جماعت اسلامی کی رہنما سمیعہ راحیل قاضی کا کہنا تھا کہ امام خمینی اور مولانا مودودی ہم فکر تھے، ان کی بصیرت سے مسلمانوں میں بیداری پیدا ہوئی ہے۔