اسرائیل کےغزہ پر حملے جاری، 40 فلسطینی زخمی

Israel Gaza

Israel Gaza

غزہ (جیوڈیسک) غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے، جمعے کو اسرائیل نے 25 سے زائد حملے کیے جن میں 10 بچوں سمیت 40 فلسطینی زخمی ہوگئے۔ فلسطینی حکام کے مطابق اسرائیل کے ڈرون طیاروں نے غزہ میں ایک عمارت پر میزائل برسائے جس کے بعد ایف 16 طیارے سے بم باری کی گئی۔ عمارت کے مکین فضائی حملے کے وقت محفوظ مقام پر منتقل ہورہے تھے جن میں سے 40 افراد زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب اسرائیل نے الزام عائد کیا ہے کہ حماس کے راکٹ حملے میں ایک 4 سالہ اسرائیلی بچہ ہلاک ہوگیا۔جولائی 8 سے جاری اسرائیلی بربریت میں اب تک بچوں اور عورتوں سمیت 2 ہزار 70 بے گناہ فلسطینی جاں بحق اور سیکڑوں زخمی ہوچکے ہیں۔

اسرائیلی بمباری نے غزہ شہر کو کھنڈر بنا دیا ہے، آگ اور بارود کی بارش سے 4 لاکھ مکانات متاثر ہوئے ہیں اور 18 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ 8 جولائی سے اب تک اس کے 64 فوجی اور 4 شہری ہلاک ہوئے ہیں۔