غزہ (جیوڈیسک) عالمی میڈیا کے مطابق تقریباً ایک مہینے تک جاری رہنے والی اسرائیلی فوجی کارروائی کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 2016 تک پہنچ گئی ہے۔
ہلاک ہونے والے میں 541 بچوں اور ڈھائی سو عورتیں کے علاوہ 95 عمر رسیدہ افراد شامل ہیں۔ یاد رہے کہ فائربندی کے وقت ہلاکتوں کی تعداد 1980 تھی۔ ادھر مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں اسرائیل اور فلسطین کے مذاکرات کاروں کو عارضی جنگ بندی کو مستقل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
کوشش کی جا رہی ہے کہ فائربندی کا حتمی معاہدہ طے پا جائے۔ مصری ذرائع کے مطابق چند معاملات پر فریقین اپنے اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں اور تاحال لچک کا مظاہرہ نہیں کر رہے۔
قاہرہ میں مذاکرات کا سلسلہ مصری ثالثوں کے توسط سے بالواسطہ چل رہا ہے۔ بعض مصری حکام نے بتایا کہ پیچیدہ معاملات میں بہتری کے آثار سست روی سے ظاہر ہو رہے ہیں۔ پانچ روزہ جنگ بندی رات نو بجے ختم ہو چکی ہے۔