اسرائیل نے غزہ کے اخباروں پر پابندی عائد کر دی

Israel

Israel

غزہ (جیوڈیسک) اسرائیلی حکومت نے غزہ سے شائع ہونے والے اخباروں پر مغربی کنارے میں پابندی لگا دی۔ اخبار مالکان نے پابندی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے آزادی اظہار رائے کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ سے شائع ہونے والے تین بڑے اخباروں \”فلسطین\”، \”الرسالہ\” اور \”استقلال\” کی مغربی کنارے سے اشاعت کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

پابندی سے متاثرہ اخباروں نے اپنے اداریوں میں لکھا ہے کہ انہیں مغربی کنارے میں گزشتہ آٹھ سال سے طباعت و اشاعت میں پابندیوں کا سامنا رہا ہے۔ حال ہی میں فلسطین کی نئی اتحادی حکومت کی تشکیل کے بعد غزہ کے اخباروں کو مغربی کنارے سے اشاعت کی اجازت دی گئی تھی۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اخباروں کی اشاعت پر پابندی کے خلاف عالمی صحافتی تنظیموں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ کے تمام اخباروں پر عائد پابندی ختم کرے۔

قبل ازیں مغربی کنارے میں سرچ آپریشن کے دوران عباس ملیشیا نے حماس کے 28 کارکنوں کو گرفتار کر لیا، ان افراد کو اسرائیلی جیلوں میں بھوک ہڑتال کرنیوالے قیدیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے نکالی گئی ریلیوں میں شرکت پر گرفتار کیا گیا۔