غزہ (جیوڈیسک) غزہ کے نہتے فلسطینیوں پر فضائی حملوں کے بعد بھی اسرائیل کی دہشتگردی ختم نہیں ہوئی اور اب زمینی کارروائی کے لئے سرحد پر ٹینک پہنچادئے گئے ہیں۔ او آئی سی نے امن عمل سبوتاژ کرنے پر اسرائیل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیلی ہٹ دھرمی برقرار ہے اور سو فلسطینیوں کا خون بھی اسرائیل کی پیاس نہ بجھاسکا۔ فضائی حملوں کے بعد زمینی کارروائی کی تیاری کرلی۔ اسرائیل نے غزہ کے اطراف ٹینکس تعینات کر دیئے۔
آرٹلری سے آبادیوں پر بمباری بھی کی گئی۔ اسرائیلی وزیراعظم نے جنگ بندی کے لئے عالمی کوششیں کو بھی مسترد کردیا۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا کہ کوئی عالمی دباؤ ہمیں غزہ پر چڑھائی سے نہیں روک سکتا۔
مسلم ممالک کی تنظیم او آئی سی نے غزہ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل کو امن سبوتاژ کرنے کا ذمہ دار قرار دیا اور معاملے پر فوری سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ بھی کردیا۔