غزہ (جیوڈیسک) مصر کی تجویز پر غزہ میں 72 گھنٹے کی نئی جنگ بندی پر حماس اور اسرائیل راضی ہو گئے ہیں، جنگ بندی کا اطلاق مقامی وقت کے مطابق رات 12 بجے سے ہو گا۔
غزہ میں جاری خونریزی کو روکنے کے لیے مصر میں کی جانے والی کوششیں کامیابی کی طرف گامزن نظر آتی ہیں، مصر کی تجویز پر مذاکرات جاری رکھنے کے لیے حماس اور اسرائیل نے غزہ میں 72 گھنٹے کی نئی جنگ بندی پر رضا مندی ظاہر کر دی ہے۔
جس کا اطلاق فلسطین کے مقامی وقت کے مطابق رات 12 بجے سے ہوگا، جنگ بندی پر رضامندی کے بعد مصر میں ہونے والے مذاکرات میں شرکت کے لیے اسرائیلی وفد کے مصر جانے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ جنگ بندی سے پہلے اسرائیل کے حملے میں 3 فلسطینی شہید ہو گئے۔