جنیوا (اصل میڈیا ڈیسک) مشرقی القدس کے علاقے شیخ جراح میں گزشتہ تین روز سے جاری جھڑپوں میں اب تک تین سو فلسطینی زخمی ہوئے ہیں جبکہ بعض اسرائیلی فوجیوں کے بھی زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرش نے اسرائیل سے “تحمل” کا مظاہرہ کرنے اور حقوق انسانی کے احترام کا مطالبہ کیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ تازہ جھڑپوں کے بعد اسرائیلی وزارت انصاف نے مشرقی القدس سے فلسطینیوں کی ممکنہ جبری بے دخلی سے متعلق سماعت مؤخر کر دی ہے۔
وزارت انصاف کے مطابق سماعت کی نئی تاریخ آئندہ تیس دن میں طے کی جائے گی۔ دوسری جانب اسرائیلی حکومت نے آج پیر کو یہودی گروپوں کو سالانہ ‘یروشلم ڈے پریڈ’ کی اجازت دے دی ہے، جس سے کشیدگی میں اضافے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔