اسرائیل انسانیت پر مظالم کی تمام حدیں عبور کرچکا، سنی تحریک

Sarwat Ejaz Qadri

Sarwat Ejaz Qadri

کراچی (جیوڈیسک) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ تمام سنی علمائے کرام اور سنی تنظیموں کی جانب سے 18اگست کو کراچی میں ایک کنونشن ہوگا ،جس میں اسرائیلی اور امریکی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کے لیے علماء کرام سے عوام میں شعور بیدار کرنے کی اپیل کی جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں مشترکہ طور پر ان ممالک کو معاشی طور پر اپاہج کرنے کی منصوبہ بندی کرنا ہوگی جبکہ تمام سنی تنظیموں کی جانب سے کراچی میں ملین مارچ کا اہتمام کیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت میں منعقدہ سنی تنظیموں اور علماء ومشائخ کے مشاورتی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر،علامہ ریحان امجد نعمانی، سید مظفر حسین شاہ ،مفتی عابد مبارک ،مفتی تاج الدین نعیمی، مفتی وسیم ضیائی، شاہدغوری، شبیر ابوطالب، قاضی احمد نورانی ودیگر تنظیموں کے رہنما اور دیگر علمائے کرام بھی موجود تھے۔سربراہ سنی تحریک نے کہا کہ اسرائیل تمام عالمی قوانین ، اقدار اور انسانیت پر مظالم کی حدیں عبور کرچکا ہے۔

فلسطینیوں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں جبکہ اقوام متحدہ اور اوآئی سی امریکا اور اسرائیل کے غلام کا کردار ادا کررہے ہیں ،مسلم عرب ممالک خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام مسلم ممالک امریکا اور اسرائیل سے سفارتی وتجارتی تعلقات ختم کردیں ،جبکہ مصر فلسطینیوں کیلئے اپنی سرحدیں کھول دے اور انہیں آمد ورفت کی آزادانہ اجازت دے۔