اسلام آباد (جیوڈیسک) مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جیل میں قید پاکستانیوں سے متعلق معلومات حاصل کررہے ہیں جب کہ ان کی رہائی کے لئے امریکا اور اردن کے سفارتی ذرائع استعمال کررہے ہیں۔
سینیٹ اجلا س میں توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں سرتاج عزیز نے کہا کہ 2009 میں ’ایم وی ڈینی ایف ٹو‘ نامی تجارتی جہاز کو بحیرۂ احمر میں حادثہ پیش آنے کے بعد اس میں موجود 16 پاکستانی لاپتہ ہوگئے تھے۔
گزشتہ سال یہ رپورٹ آئی تھی کہ یہ پاکستانی اسرائیل کی جیلوں میں قید ہیں، ہمارا اسرائیل کے ساتھ کوئی براہ راست سفارتی رابطہ نہیں جس کی وجہ سے اس کی تصدیق کے لئے حکومت نے اردن اور امریکی سفارت خانوں سے رابطہ کیا، ابھی تک اسرائیل کی جانب سے جواب نہیں ملا ہے۔
سرتاج عزیز کا کہنا تھاکہ پاکستان اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات نہ ہونے کی وجہ سے ہمیں وہاں قید پاکستانیوں کی تعداد اور ان کی حالت کے بارے میں کچھ بھی علم نہیں، معلومات حاصل ہونے پر ہی ان کی رہائی کے لئے کوششیں کی جائیں گی۔