اردن (اصل میڈیا ڈیسک) اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے کہا ہے کہ اسرائیل کی فوجی کارروائیوں کو رکوانے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں لیکن انھوں نے اردن کی ان سفارتی کوششوں کی کوئی وضاحت نہیں کی ہے۔
البتہ اردنی حکام نے برطانوی خبررساں ایجنسی رائیٹرز کو بتایا ہے کہ ہاشمی مملکت یورپی اور امریکی اتحادیوں کے ساتھ مل کر سفارتی مہم چلارہی ہے تاکہ گذشتہ سات روز سے اسرائیل کے غزہ پر جاری فضائی اور زمینی حملوں کو رکوانے کے لیے دباؤ ڈالا جاسکے۔
قبل ازیں اتوار کو اردنی وزیرخارجہ ایمن الصفدی نے کہا کہ اسرائیل کے اقدامات پورے خطے کو ایک بڑے تنازع کی طرف دھکیل رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ’’اسرائیل ایک قابض قوت کی حیثیت سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں خطرناک صورت حال ،تشدد، ہلاکتوں ، تباہی اور لوگوں کو درپیش مصائب کا ذمہ دار ہے۔‘‘
دریں اثناء دارالحکومت عمان میں ہزاروں اردنیوں نے اسرائیل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔انھوں نے اردنی حکومت سے اسرائیل کے ساتھ امن معاہدہ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔