غزہ (جیوڈیسک) فلسطین میں تین دن کی جنگ بندی پر عملدرآمد جاری ہے ، اسرائیلی فورسز کی جانب سے مزید کسی حملے کی اطلاع نہیں ملی ، امریکی وزیرخارجہ جان کیری کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک مسئلے کے مستقل اور پائیدار حل کے لیے دو ریاستی حل کی جانب بڑھیں۔
اسرائیل نے انتیس روز تک غزہ میں موت کا کھیل کھیلا ، بستیاں اجڑ گئیں۔ صہیونی سفاکیت میں انیس سو سے زائد فلسطینی شہید ہوئے جن میں چار سو تیس بچے بھی شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد دس ہزار کے قریب ہے۔
رملہ کے نائب وزير اقتصاديات تاثير عمرو کے مطابق انتیس روز کی اس جنگ میں فلسطین میں چھ بلین ڈالر کا مالی نقصان ہوا۔ گزشتہ روز سے جاری جنگ بندی کے بعد اسرائیل کی جانب سے کسی حملے کی اطلاع نہیں ملی۔ جنگ بندی کے بعد غزہ کے رہائشیوں نے اپنے تباہ حال گھروں کی راہ لی۔
ادھرامریکی وزیر خارجہ جان کیری نے برطانوی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ دونوں ممالک جنگ بندی کا فائدہ اٹھا کر مسئلے کا مستقبل اور پائیدار حل نکالیں۔ جان کیری کے مطابق اسرائیل کو اپنے دفاع کا مکمل حق ہے کہ وہ اپنے آپ کو میزائلوں کے خطرے سے محفوظ بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے۔