تہران (جیوڈیسک) ایران نے صہیونی وزارت خارجہ کی جانب سے مستقبل میں تہران میں اسرائیلی سفارتخانے کے قیام بارے جاری بیان کا سخت الفاظ میں جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب اسرائیل کے ناپاک وجود سے پاک سرزمین فلسطین پر ایران کے سفارتخانے قائم ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیلی وزارت خارجہ کے ترجمان پاول ہیرشسمن نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ وزارت خارجہ کے اہلکاروں کو فارسی زبان سکھا رہے ہیں تاکہ مستقبل میں جب تہران میں اسرائیلی سفارتخانہ قائم کیا جائے تو اس میں کام آسکے۔
اسرائیلی وزارت خارجہ کے ترجمان کے بیان کے رد عمل میں ایران کی سیاسی اور سکیورٹی کمیٹی کے چیئرمین علاﺅ الدین بروجردی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ یہ اسرائیل کی خام خیالی اور محض ایک خواب ہے کہ وہ ایران میں اپنا سفارت خانہ قائم کرے گا۔ انشاءاللہ وہ دن زیادہ دور نہیں جب اسرائیلی وجود سے پاک فلسطینی سرزمین پر ایران کے سفارت خانے قائم ہونگے۔