بیت المقدس (جیوڈیسک) اسرائیل کے وزیر دفاع آویگڈور لیبر مین نے کہا ہے کہ اسرائیل ایران کے شام سے باہر کے اہداف پر حملے کے لئے تیار ہے۔
اسرائیل کے سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق بیت المقدس میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب میں وزیر دفاع لیبر مین نے کہا ہے کہ “یہ بات واضح اور دو ٹوک شکل میں جان لی جانی چاہیے کہ ہم خود کو صرف شام کی زمین تک محدود نہیں کرتے”۔
ایران کے شام سے باہر موجود اہداف کو نشانہ بنانے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ “ماخذ خواہ کہیں پہ بھی ہو ہم ایران کی طرف سے محسوس کئے جانے والے تمام خطرات کے خلاف جدوجہد کریں گے”۔
تاہم لیبر مین نے اس بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کیں کہ وہ کن ممالک میں ایران کے اہداف کو نشانہ بنائیں گے۔
اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نیتان یاہو نے بھی 30 اگست کو جاری کردہ بیان میں شام اور ایران کے ٹھکانوں کو ہدف بنانے کی دھمکی دی تھی ۔
واضح رہے کہ اسرائیل حالیہ مہینوں میں شام میں ایران کے اہداف پر حملے کر رہا ہے۔
علاوہ ازیں سال 2011 میں شام میں خانہ جنگی کے آغاز سے ہی شام اور گولان کی پہاڑیوں سے اسرائیل پر راکٹ حملوں کے دعووں کے ساتھ ایرانی حمایت کی حامل حزب اللہ فورسز اور انتظامیہ کے فوجی ٹھکانوں پر حملے کر رہا ہے۔