اسرائیل سمیت دو ممالک نے امریکی وزیر خارجہ کیری کی جاسوسی کی

Kerry

Kerry

برلن (جیوڈیسک) جرمن میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق کم از کم ایک اور ملک کی خفیہ ایجنسی نے بھی کیری کی ٹیلی فون کالز کو سنا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ جان کیری نے گزشتہ برس مشرق وسطیٰ میں امن عمل سے متعلق مذاکرات کے احیاء کے لیے فریقین سے مذاکرات کیے تھے۔

اور اس سلسلے میں کافی مرتبہ غیرمحفوظ ٹیلی فون کالز بھی کی تھیں۔ ان کالز کی گفتگو کو خفیہ ایجنسیاں سنتی رہیں۔ متعدد مرتبہ کی جانے والی اس گفتگو کو، جو سیٹیلائیٹ کے ذریعے کی گئی کم از کم دو خفیہ ایجنسیوں نے سنا ، جس میں ایک اسرائیل بھی ہے۔

جان کیری کی گفتگو سننے والی دوسری ایجنسی روسی یا چینی ہو سکتی ہے۔ یہی وجہ تھی کہ امن مذاکرات کے حوالے سے اسرائیل کو پہلے ہی معلوم ہوتا تھا کہ جان کیری دوسرے فریق سے کیا بات چیت کر چکے ہیں۔ اس موضوع پر امریکی وزارت خارجہ یا اسرائیل کی جانب سے کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی خفیہ ادارہ این ایس اے بھی متعدد ممالک کے اعلیٰ عہدیداروں کے ٹیلی فونز اور دیگر رابطوں کی نگرانی میں مصروف رہا ہے۔جس پر متعدد ممالک کی جانب سے امریکا کی مذمت کی گئی تھی۔