قاہرہ (جیوڈیسک) مصری فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے مصری علاقے میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔ مصری فوج کے ترجمان نے اسرائیل سے ملحق سرحدی علاقے میں اسرائیلی بمباری کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مصری علاقے میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر اسرائیلی جنگی طیاروں نے کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔
اسرائیلی طیاروں سے کسی بمباری کی تردید کرتے ہوئے مصر کے فوجی ترجمان کا کہنا تھا کہ مصری سرحدیں ایک ریڈ لائن کا درجہ رکھتی ہیں۔ واضح رہے جمعہ کے روز صحرائی علاقے میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ العربیہ کے نمائندے کے مطابق ان حملوں میں متعدد عسکریت پسند ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب فلسطینی خبر رساں ادارے کا مصری فوج کے ذرائع کے حوالے سے کہنا ہے کہ اسرائیلی طیاروں نے مصری علاقے رفح میں بمباری کی ہے۔ اس بمباری کا ہدف عسکریت پسندوں کی طرف سے نصب کیے گئے راکٹ تھے۔