لاہور : اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام جامعہ پنجاب کے طلباو طالبات ، اساتذہ اور ملازمین کی ایک بڑی تعداد نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ہونے والی عظیم الشان ریلی میں شرکت کی۔
ریلی میں مختلف ڈیپارٹمنٹس کے طلبہ شریک ہوئے ، ریلی کا آغاز اسلامک سینٹر سے ہوا جب کہ اختتام فیصل ایڈیٹوریم پر ہوا ، جہاں ریلی نے ایک جلسے کی شکل اختیار کی، طلبہ و طالبات نے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم، مسجد اقصی کی تصاویر اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ بینروں پر عرب ممالک اور مسلمان حکومتوں سے قبلہ اول کے دفاع کے حق میں نعرے اور مطالبات درج تھے۔
جب کہ طالبات نے اپنے چہروں پر فلسطینی پرچم کی پینٹنگز بنا رکھی تھیں اس موقع پر اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ پنجاب کے ناظم اسامہ نصیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ فلسطین میں اسرائیلی مظالم رکوائے۔ عالمی ادارہ اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کر کے غفلت کا مرتکب ہو رہا ہے۔ اسرائیلی جارحیت کے خلاف مسلمان ممالک عالمی سطح پر پرزور احتجاج کریں۔ مظلوم فلسطینیوں کو شہید کر کے اسرائیل ان کا جذبہ حریت نہیں دبا سکتا۔ انسانی حقوق کے ادارے ہر بات پر آواز بلند کرتے ہیں۔ اس بہیمانہ ظلم پر ان کی خاموشی قابل افسوس ہے۔اسامہ نصیر کا مزید کہنا تھا کہ سلامتی کونسل اور ایمنسٹی انٹرنیشنل جیسی حقوق انسانی کی تنظیمیں فلسطینی مسلمانوں پر بدترین ظلم وستم پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔
صہیونی فوج فلسطینیوں کو بھیڑ بکریوں کی طرح ذبح کرکے ان کا خون بہا رہی ہے۔ بیت المقدس، مغربی کنارا اور غزہ کی پٹی کو اسرائیل نے مقتل میں تبدیل کررکھا ہے جہاں آئے روز فلسطینیوں کا بے دریغ خون بہایا جاتا ہے۔ناظم جمعیت کاکہنا تھا کہ اسرائیلی فوج کے ہاتھوں نہتے فلسطینی بچوں، خواتین اور نوجوانوں کے قتل کے واقعات سے یہ آشکار ہوچکا ہے کہ اسرائیل کسی عالمی قانون اور بین الاقوامی انسانی ضابطے کا پابند نہیں ہے۔ اسرائیلی فوج جب اور جس فلسطینی کو چاہتے ہیں کیڑے مکوڑوں کی طرح کچل ڈالتے ہیں۔
انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ پچھلے دو ہفتوں کے دوران فلسطین میں جو خون خرابہ ہوا ہے وہ اسرائیل کی نسل پرستانہ سوچ کا عکاس ہے۔ قابض افواج نے نہتے فلسطینیوں کو گولیاں مار کرشہید کیا اور دو ہفتوں میں شہدا کی تعداد 42 سے تجاوز کرگئی ہے۔مظاہرین نے اقوام متحدہ اور عالمی اداروں سے اسرائیلی ریاست کے مظالم بند کرانے اور قبلہ اول کے دفاع کے لیے موثر اقدامات کا مطالبہ کیا۔
فلسطینی شہریوں کے اسرائیلی مظالم کے خلاف پوری قوت اور استقامت سے کھڑے ہونے پر خراج تحسین پیش کیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ اسرائیلی ریاست نہتے فلسطینیوں پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کررہا ہے۔ اس کے مقابلے میں نہتے فلسطینی بے سروسامانی کے عالم میں لڑ رہے ہیں۔ ان کی مدد ونصرت پوری عرب اور مسلم دنیا کی ذمہ داری ہے۔