اسرائیلی حملوں میں مزید 8 فلسطینی جاں بحق، کئی ملکوں میں مظاہرے

Protests

Protests

غزہ (جیوڈیسک)اسرائیل نے ایک بار پھر غزہ میں موت کا کھیل کھیلنا شروع کر دیا ہے۔ ہفتے کو بھی صیہونی طیارے غزہ پر بمباری کرتے رہے جس کے نتیجے میں 8مزید فلسطینی شہید ہو گئے۔

دنیا بھر میں اسرائیل مخالف مظاہروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ غزہ میں اسرائیلی جارحیت دوسرے ماہ میں داخل ہو گئی ہے۔ اسرائیلی طیارے غزہ کی بستیوں پر بموں کی برسات کر رہے ہیں۔ ہفتے کو بھی اسرائیل نے دیر البلاح اور رفاح کے علاقے پر 50 فضائی حملے کیے جن میں 8 فلسطینی شہید ہوئے۔

حماس نے بھی اسرائیل کی جانب 25 راکٹ فائر کیے جس کے باعث ایک اسرائیلی فوجی اور ایک شہری زخمی ہوا۔ ادھرمغربی کنارے کے علاقے الخلیل میں فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی جن میں 15 فلسطینی نوجوان زخمی ہو گئے۔

رم اللہ کے علاقے میں بھی اسی طرح کی جھڑپیں ہوئیں۔ دوسری جانب برطانیہ کی طرح جرمنی، فرانس ، ایران، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا، بھارت اور چلی میں بھی اسرائیل مخالف مظاہرے ہوئے جن میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی اور غزہ میں جاری ظلم روکنے کا مطالبہ کیا۔

فلسطینی حکام کادعویٰ ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کیلئے مصر میں بالواسطہ مذاکرات آج پھر شروع ہونے کا امکان ہے جس میں شرکت کیلئے اسرائیلی وفد آج قاہرہ پہنچے گا جہاں فلسطینی وفد اور مصری رابطہ کار پہلے سے موجود ہیں۔ 8 جولائی سے شروع ہونے والی جنگ میں 19 سو سے زائد فلسطینی شہید جبکہ 64 فوجیوں سمیت 67 اسرائیلی ہلاک ہوچکے ہیں۔