اسرائیل (جیوڈیسک) مقبوضہ دریائے اردن کے مغربی کنارے کے شہر رملہ کے جوار میں اسرائیلی فورسز کی طرف سے فلسطینیوں کے ایک گھر کو مسمار کئے جانے کے بعد شروع ہونے والے واقعات میں 27 فلسطینی زخمی ہو گئے ہیں۔
کثیر تعداد میں اسرائیلی فورسز نے آج رمّلہ کے جوار میں واقع گاوں ‘کوبر ‘ پر کہ جہاں عمر العبد کا گھر واقع تھا چھاپہ مارا۔
فوجیوں کے ساتھ آنے والے بلڈوزروں نے عمر العبد کے گھر کو کہ جہاں ان کا کنبہ مقیم تھا مسمار کر دیا۔
گھر مسمار ہونے کے بعد گاوں کے فلسطینی نوجوانوں اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان جھڑپ شروع ہو گئی۔
فلسطین ہلال احمر کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے ربڑ کی گولیاں اور آنسو گیس کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں 27 فلسطینی زخمی ہو گئے ہیں۔
بیان کے مطابق 12 افراد کو ربڑ کی گولیاں لگی ہیں 13 افراد بھاری آنسو گیس کی وجہ سےا ور 2 افراد گرنے کی وجہ سے زخمی ہوئے ہیں۔
زخمیوں میں سے 3 کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر کو جائے وقوعہ پر ابتدائی طبّی امداد کی ٹیموں کی طرف سے طبّی امداد فراہم کی گئی ہے۔