رملہ (جیوڈیسک) اسرائیل نے دنیا کے سامنے مظلوم بن کر فلسطینیوں پر ظلم وستم ڈھانے کا نیا طریقہ ڈھونڈ لیا، نہتے فلسطنیوں کو حملہ آور قرار دے کر موت کی نیند سلانا شروع کر دیا ،تازہ حملوں میں ایک اور فلسطینی شہید ہو گیا،ایک ماہ میں 72 بے گناہوں کو موت کی نیند سلا دیا۔
اسرائیل کو فلسطینی شہریوں کا چلنا پھرنا بھی برداشت نہیں ،گزشتہ سال اکیاون روز تک آگ اور خون کی ہولی کھیلی اور سیکڑوں فلسطینی شہریوں کو موت کی نیند سلایا اب اسرائیلی فورسز نے ایک نیا ڈرامہ رچا لیا جس میں دنیا کے سامنے خود کو مظلوم ظاہر کر کے فلسطینیوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے۔
مغربی کنارے مقبوضہ بیت المقدس غزہ پٹی سمیت مختلف علاقوں میں بے گناہ نوجوانوں کو حملہ آور قرار دے کر شہید کیا جا رہا ہے ،نت نئے بہانے اور تاولیں پیش کرنے والی اسرائیلی فورسز کے مطابق فلسطینی شہری نے چاقو سے حملے کی کوشش کی جس کے جواب میں اس پرفائرنگ کی گئی۔
ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ72 نہتے فلسطینی صیہونی درندوں کا شکار بنے آج بھی شمالی مغربی کنارے میں ایک فلسطینی نوجوان اسرائیلی فائرنگ سے جاں بحق ہوا۔