تل ابیب (جیوڈیسک) اسرائیلی عدالت نے سابق وزیراعظم ایہود اولمرٹ کو بدعنوانی کے مقدمے میں 8 ماہ قید کی سزا سنادی ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یروشلم کی ایک عدالت نے ایہود اولمرٹ کو ایک امریکی تاجر سے ڈیڑھ لاکھ ڈالر رشوت لینے پر دھوکہ دہی اور اعتماد شکنی کا قصوروار قرار دیا تھا تاہم عدالت نےانہیں اب 8 ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔
سابق وزیراعظم کے وکیل کا کہنا ہے کہ انہیں عدالت کے فیصلے سے بہت مایوسی ہوئی ہے اور وہ اس کے خلاف ملک کی اعلیٰ ترین عدالت میں اپیل کریں گے۔
واضح رہے کہ ایہود اولمرٹ 2006 سے 2009 کے دوران اسرائیل کے وزیراعظم رہے تاہم انہیں بدعنوانی کے الزامات کے نتیجے میں وزارت عظمیٰ سے مستعفی ہونا پڑا تھا، انہیں گزشتہ برس اسی نوعیت کے ایک اور مقدمہ 6 برس قید کی سزا بھی سنائی جاچکی ہے۔