مقبوضہ بیت المقدس (جیوڈیسک) صہیونی حکومت نے 1948ء کے مقبوضہ علاقوں میں فلسطینیوں کے 50 ہزار مکانات مسمار کرنے کی تیاری شروع کردی ہے۔
اسرائیلی اخبار ’ہاریٹز‘ نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ مقبوضہ فلسطین کے 1948ء کے دوران قبضے میں لئے گئے علاقوں میں قائم خصوصی کمیٹیوں کی فراہم کردہ سفارشات کی روشنی میں ایسے ہزاروں مکانات کی فہرست مرتب کی ہے جنہیں کسی بھی وقت مسمار کیا جاسکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جن 50ہزار مکانات کی مسماری کی تیاریاں کی جا رہی ہیں وہ یا تو اسرائیلی حکومت کی اجازت کے بغیر تعمیر کئے گئے ہیں یا زرعی اراضی پر بنائے گئے ہیں اس لئے ان کی مسمای لازمی قرار دی جا رہی ہے۔
رپورٹ میں صہیونی ریاست کے عدالتی مشیرکا بیان بھی نقل کیا گیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ اسرائیلی پارلیمنٹ کے رکن ایرز کمنٹیسکی کی زیرقیادت قائم کمیٹی نے ایسے 50ہزار مکانوں کی نشاندہی کی ہے جو 1948 ء کے عرب شہروں میں واقع ہیں مگران کی مسماری کیلئے سفارشات مرتب کی جا رہی ہیں۔