ترکی (اصل میڈیا ڈیسک) ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن اکثر اپنی تقاریر میں فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت کرتے ہیں۔ ترک صدر کا فلسطینیوں کے حقوق کے دفاع پرمبنی ایک نیا بیان سامنے آیا ہے۔ یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دوسری طرف اسرائیل کی فضائی کمپنی ” العال” نے کئی سال کی بندش کے بعد ترکی کے لیے اپنی پروازیں بحال کردی ہیں۔
اسرائیل کی فضائی کمپنی ” العال” کا ایک مال بردار طیارہ اتوار کے روز استنبول کےبین الاقوامی اڈے پراترا۔ اس جہاز کے ذریعے ترکی سے 24ٹن طبی سامان اسرائیل لایا گیا۔
اسرائیلی اخبار ” یروشلم پوسٹ” کی رپورٹ کے مطابق دس سال کے بعد ” العال” فضائی کمپنی کےطیاروں کی استنبول میں پہلی بار آمد ورفت شروع ہوئی ہے۔ فی الحال دونوں ملکوں کے درمیان طبی سامان کی آمدورفت کے لیے کارگو طیاروں کی سروس بحال کی گئی ہے مگر دونوں ملکوں میں فضائی سروس کے تعطل کے دس سال کے بعد اہم پیش رفت ہے۔
رواں ہفتے اسرائیل کی فضائی کمپنی ترکی کے لیے انسانی بنیادوں کے تحت دو پروازیں چلا ئے گی۔
ایک طرف ترکی فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت کرتا ہے اور دوسری طرف اسرائیل کے ساتھ بھی انقرہ کا کاروبای میل جول جاری ہے۔