امریکا (اصل میڈیا ڈیسک) امریکا نے خلیج عُمان میں اسرائیل کے زیرانتظام ایک تیل بردار بحری جہاز پر حملے کے ردعمل میں ایران کو ’’اجتماعی جواب ‘‘ دینے کے عزم کا اظہارکیا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلینکن نے سوموار کے روز محکمہ خارجہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ہم برطانیہ، اسرائیل ، رومانیہ اور دوسرے ممالک سے قریبی رابطے میں ہیں اور اب (حملے جواب میں) ہمارا اجتماعی ردعمل ہو گا۔‘‘
بلینکن نے پہلی مرتبہ دوٹوک الفاظ میں ایران پر گذشتہ جمعہ کو مرسراسٹریٹ ٹینکر پر ڈرون حملے میں ملوّث ہونے کا الزام عاید کیا ہے جبکہ ایران نے اس حملے میں ملوّث ہونے کی تردید کی ہے۔ڈرون کے جہاز سے ٹکرانے کے بعد عملہ کے دوارکان ہلاک ہوگئے تھے۔
امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ ’’ہم نے واقعے کا مکمل جائزہ لیا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ ایران ہی نے یہ حملہ کیا تھا۔‘‘
مسٹربلینکن نے ہفتے کی شب اپنے اسرائیلی ہم منصب یائرلاپیڈ سے اس حملے کے حوالے سے گفتگو کی تھی اور انھوں نے برطانیہ ، رومانیہ اور دوسرے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر حملے کے تمام حقائق کی چھان بین سے اتفاق کیا تھا۔انھوں نے معاونت مہیّا کرنے کے علاوہ آیندہ مناسب اقدامات پر بھی غور کیاتھا۔