بیروت (جیوڈیسک) اسرائیل کے جنگی طیاروں نے لبنان اور شام کی سرحد پر واقع شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے ٹھکانوں کو فضائی حملوں میں نشانہ بنایا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق لبنان کی وادی بقاع میں اسرائیلی بمباری کے بعد دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں اور حزب اللہ کے متعدد کارکنوں کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔
اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے ٹھکانوں پر فضائی حملوں کے بارے میں بیان جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ لبنان کی نیشنل نیوز ایجنسی (این این اے) کی اطلاع کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے وادی بقاع میں واقع گائوں النبی شیت پر دو فضائی حملے کیے ہیں۔
اسرائیلی طیاروں نے لبنان کے مشرقی اور مغربی پہاڑوں علاقوں پر نچلی پروازیں کی ہیں۔ لبنان کے آزاد نیوز چینل ایم ٹی وی نے اسرائیلی جنگی طیاروں کے وادی بقاع کے سرحدی دیہات بریتال، حورطلا، النبی شیت، الخضر اور علی النہری پر حملوں کو فوجی مشق کا حصہ قرار دیا ہے۔
ادھر برطانیہ میں قائم شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی طیاروں نے حزب اللہ کے میزائلوں کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا ہے۔ حزب اللہ کے کارکنان شام سے بیلسٹک میزائل سرحدی گائوں میں منتقل کر رہے تھے اور حملے میں انھیں ہی نشانہ بنایا گیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہو سکتا ہے کہ فضائی کارروائی میں شام سے حزب اللہ کے لیے آنے والے اسلحے کے ٹرکوں کو نشانہ بنایا گیا ہو۔ لبنان کی شیعہ تنظیم شامی صدر بشارالاسد کی حامی ہے اور اس کے جنگجو شام میں باغیوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں حصہ لے چکے ہیں۔