بیت اللحم (جیوڈیسک) اسرائیلی فوج نے مزید 2 فلسطینی ارکان اسمبلی کوحراست میں لے لیا ہے۔ صہیونی فوج نے بیت اللحم، غرب اردن، مقبوضہ بیت المقدس میں گھروں میں گھس کر پکڑ دھکڑ کی، خواتین بچوں پر تشدد کیا، رملہ میں مظاہرین پر فائرنگ کردی جس سے متعدد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے دریائے اردن کے مغربی کنارے کے شہر بیت اللحم میں واقع فلسطینی آئینی اسمبلی کے دو ممبران کو حراست میں لے لیا ہے ۔حماس سے منسلک تبدیلی و اصلاح بلاک کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے صبح سویرے بیت اللحم میں دو فلسطینی ارکان اسمبلی خالد تافش اور انور الزنون کے گھروں پر چھاپے مارے۔
اسرائیلی حکام کی طرف سے تاحال اس کارروائی کے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ان تازہ واقعات کے ساتھ اسرائیل کی طرف سے حراست میں رکھے جانے والے فلسطینی اسمبلی ممبران کی تعداد 9 تک پہنچ گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کی گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران مزید 10فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے کر ٹارچر سیلوں میں ڈال دیا گیا۔