نیو یارک (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف کے جنرل اسمبلی سے خطاب کے بعد نیویارک میں گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چودھری نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے پر پورا پاکستان متحد ہے۔
، بھارت کی ناراضی کی کوئی پروا نہیں۔ پاکستان بھارت سے برابری کی بنیاد پر بہتر تعلقات کا خواہاں ہے۔ اعزاز چودھری نے کہا کہ وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں پاکستان کا موقف بھر پور انداز میں پیش کیا ہے۔ پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے سیاسی کوششوں کی تائید جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا وزیر اعظم نواز شریف کی امریکی نائب صدر جوبائیڈن سے ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی ہے اور اس میں جوہری استحکام اور توانائی بحران پر بات ہوئی ہے۔ سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا عالمی امن کے لئے پاکستان اپنی کوششیں جاری رکھے گا ، آپریشن ضرب عضب کسی کی خواہش پر نہیں ، ملکی مفاد میں کیا جا رہا ہے۔