کراچی (جیوڈیسک) جشن آزادی کے سلسلے میں جماعت اسلامی کے تحت پاکستان زندہ باد ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میں قومی پرچم اور پارٹی جھنڈے اٹھائے کارکنوں، خواتین، بچوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء حسن سکوائر اور نمائش چورنگی سے ہوتے ہوئے ایم اے جناح پہنچے جہاں ریلی جلسے کی شکل اختیار کر گئی۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جس میں شریعت کا نظام اور اللہ کی حکمرانی ہو۔ امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں بے شمار مسائل ہیں جن سے نجات کے لئے اسلامی نظام ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ بیرونی طاقتوں کو پاکستان میں کارروائی کرنے کی باتیں کر رہے ہیں لیکن حکومت ہے کہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ ہم کسی کے خلاف نہیں لیکن جو پاکستان کا دشمن ہے وہ ہمارا دشمن ہے۔