تحریر : سالار سلیمان ایک محتاط اندازے کے مطابق لاہور کی آبادی ڈیڑ کروڑ کے لگ بھگ پہنچ چکی ہے اور اِس میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔اس شہر میں دوسرے شہروں کی نسبت آئی ٹی سیکٹر کی ڈویلپمنٹ میں بھی تیزی اور ترقی نظر آ رہی ہے۔ جیسے کراچی’ پاکستا ن کا بزنس ہب ہے ، اسی طرح سے لاہورکو ابھرتا ہوا آئی ٹی ہب تصور کیا جا رہا ہے۔ لاہور کی صورتحال چونکہ دیگر شہروں کی نسبت زیادہ مستحکم ہے لہذا یہاں پر بہت سی نامور آئی ٹی کی کمپنیاں اپنے کاروبار کر رہی ہیں۔
ارفع کریم ٹاور مئی 2012ء میں بنایا گیا تھا۔ لاہور شہر میں یہ کثیر المنزلہ عمارت آئی ٹی کا نشان سمجھی جاتی ہے۔ ارفع کریم ٹاور کا نام بھی معروف ہونہار بچی ارفع کریم کے نام پر ہے جوکہ انتہائی ذہین تھی اور محض 9برس کی عمر میں اُس نے مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ ا س ٹیکنالوجی پارک میں بہترین سہولیات کے ساتھ آئی ٹی کا کاروبار کرنیکی سہولیات موجو د ہیں۔آئی ٹی کا رحجان کے پیش نظر پاکستان کی نامور یونیورسٹیاں بھی اب اس کورس کی جانب توجہ دیتی نظر آ رہی ہیںبلکہ اب سائنس اور ٹیکنالوجی میں اسپیشلائزیشن کرتے ہوئے اعلیٰ تعلیم کا حصول بھی ممکن ہے ۔
آئی ٹی کی بڑھتی ہوئی ضرورت کو دیکھتے ہوئے پنجاب پروژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے 13.717ارب روپے سے آئی ٹی سیکٹر کی سکیم متعارف کروائی ہے جو مختلف پراجیکٹس میں استعمال ہو رہی ہے ۔ گزشتہ سال پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈکے چیئرمین عمر سیف نے اس عزم کا اعادہ کیا تھا کہ وہ لاہور میں 115مقامات پر مفت وائی فائی ہاٹ اسپاٹ فراہم کریں گے۔ اس سکیم پر عملدآمد کیا جا چکا ہے جوکہ خوش آئند امر ہے ۔ اس سے یہ بھی آئی ٹی سیکٹر میں حکومت کی دلچسپی بھی واضح ہوتی ہے۔
پاکستان میں بہت سے ”اسٹارٹ اپس” بھی شروع ہو رہے ہیں۔ کچھ اسٹارٹ اپس نے چند سالوں میں ہی کافی نام کمایا ہے ۔ یہ اسٹارٹ اپسپاکستان میں کاروبار کی شکل کو بالکل ہی تبدیل کر رہے ہیں اور اگر ہم یہ کہیں کہ یہ انقلابی تبدیلی ہے تو غلط نہیں ہوگا۔ پلان نائن ایسا ہی ایک منصوبہ ہے جس کی بنیاد عمر سیف اور نبیل قدیر نے 2012ء میں(پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ) پی آئی ٹی بی کے ساتھ ڈالی تھی ۔ تب سے آج تک یہ ادارہ نوجوانوں کے خوابوں میں حقیقت کے رنگ بھرنے میں مصروف عمل ہے۔
ذیل میں ہم کچھ نامور اسٹارٹ اپس کا ذکر کریں گے جن میں سے اکثر تو لاہور میں واقع ہیں : Hometown: یہ بہترین منصوبہ ہمار ے ہنر مندوں کے ہنر کو پوری دنیا میں متعارف کروا رہاہے ۔یہ اُن کی ہاتھ سے بنائی ہوئی چمڑے کی مصنوعات کو پوری دنیا کے صارفین میں فروخت کرتا ہے ۔ zameen.com: یہ ایک منفرد اور شاندار آئیڈیا پر بننے والی کمپنی ہے جس نے پاکستان میں رئیل اسٹیٹ کے منظر نامے کو بالکل ہی بد ل دیا ہے ۔ اس کمپنی نے رئیل اسٹیٹ کے شعبے کو دیجیٹل کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کا پہلا پراپرٹی انڈیکس بھی متعارف کروایا ہے ۔
Ges-drive: اس ادارے نے خصوصی بچوں کی ضرورتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے اُن کیلئے گیمز بنائی ہیں۔ خصوصی بچے اس کے استعمال سے ویڈیو گیمز کھیل سکتے ہیں۔ یہ ویڈیو گیمز جلد ہی معروف مقامات پر بھی نظر آئیں گی۔
ShaadiBox: یہ ایک آن لائن مارکیٹ کی طرح سے ہے جو آپ کو شادی کے انتظامات کرنے والوں سے رابطہ کرواتی ہے ۔یہ کمپنی شادی کے تمام تر انتظامات مارکیٹ سے ارزاں نرخون پر کمال مہارت سے کرتی ہے ۔ Home Foodies: ایک بہترین آئیڈیاہے جو کہ اگلے چند ماہ میں ہی لاہور کی مارکیٹ میں اپنی جگہ بنا لے گا۔ اس کا خیال کچھ یوں ہے کہ گھریلو خواتین گھر میں رہتے ہوئے اپنا فوڈ کا کاروبار کریں۔ اس کا انتہائی سخت معیار متعین کیا جائے گا اور کمپنی کسی بھی کچن کوسائن کرنے سے پہلے اُن کے کچن کا ذاتی طور پر دورہ کرے گی ۔ Chimera: یہ بھی ایک منفرد خیال کی حامل کمپنی ہے ۔یہ ویب سائٹ اپنے صار ف کو ‘ورچوئل ڈریسنگ’ کی آپشن دیتی ہے جو کہ دنیا بھر میں مقبول عمل ہے ۔ یہ تھری ڈی ماڈل کو استعمال کرتے ہوئے صارف کو یہ بتاتی ہے کہ اُس پر مطلوبہ کپڑا یا جوتا کیسا لگے گا؟ صارف اُس کو وہیں سے انتخاب کر کے اپنی پسند حاصل کر سکتا ہے ۔
Beauty Hooked: یہ کمپنی آپ کو اپنے قریب میں بیوٹی سیلون کی بکنگ میں مدد فراہم کر ے گی اور صرف یہی نہیںبلکہ آ پ کو زبردست قسم کے ڈسکاونٹس بھی فراہم کئے جائیں گے۔یہ ویب سائٹ ابھی لاہور کے 30سیلونز پر ڈسکاونٹس فراہم کر رہی ہے ۔
Patari: یہ مقامی موسیقی کو فروغ دینے والی کمپنی ہے ۔اس کے 50ہزار رجسٹرڈ صارف ہیں اور ساڑھے سات لاکھ ٹریکس ہر ماہ اسٹریم کئے جاتے ہیں۔اس کی موبائل ایپ کو 20ہزار سے زائد لو گ اب تک ڈاؤن لوڈ کر چکے ہیں۔ پٹاری کی مقبولیت میں سوشل میڈیاپر چلنے والی اشتہاری مہمات کا بھی ہاتھ ہے۔
یہ کمپنیاں لاہور میں کام کر رہی ہیں اور ہم یہ دیکھتے ہوئے کہ سکتے ہیں کہ پاکستان میں لاہور آئی ٹی کے افق پر چھا رہا ہے ۔صوبائی حکومت کی بھر پور توجہ کی وجہ سے نئے آنے والوں کی بھی تحریک حاصل ہو رہی ہے اور ہم یہ کہ سکتے ہیں کہ لاہور پاکستان کا آئی ٹی ہب جلد ہی بن جائے گا۔ پاکستان میں اسٹارٹ اپس کی کامیابی کا امکان خاصا زیاد ہ ہے۔ امید ہے کہ مستقبل میں مزید کار آمد اسٹارٹ اپس سامنے آئیں گے۔