روم (جیوڈیسک) اطالوی کوسٹ گارڈز نے بتایا ہے کہ گزشتہ دوروزکے دوران شمالی افریقہ سے یورپ پہنچنے کی کوشش کرنے والے 2600 مہاجرین کو بحیرہ روم کی موجوں کی نذر ہونے سے بچا لیاگیا۔
عالمی میڈیاکے مطابق اطالوی کوسٹ گارڈز سے جاری کردہ بیان میں کہاگیا کہ اطالوی بحریہ اورساحلی محافظوں نے گزشتہ ویک اینڈ پر جنوبی اطالوی جزیرے سِسلی کے نواحی سمندری علاقے میں قریب 20 ریسکیو آپریشن مکمل کیے اور مہاجرین سے بھری ڈیڑھ درجن سے زائد شکستہ حال کشتیوں کو ڈوبنے سے بچا لیا۔
ریسکیو کارروائیوں میں ملکی نیوی کے علاوہ رضاکار کشتیوں اور امدادی اداروں نے بھی حصہ لیا، جن میں ڈاکٹرز وِدآؤٹ بارڈرز نامی بین الاقوامی طبی امدادی تنظیم بھی پیش پیش رہی۔ حکام کے مطابق ہفتہ کو1348 جب کہ اتوارکو 1230 مہاجرین کو سمندر میں ڈوبنے سے بچایا گیا۔ مجموعی طورپر2 دنوں میں یہ تعداد قریب 2600 رہی، بیان میں کہاگیا کہ ایک ریسکیو آپریشن کے دوران ایک کشتی سے ایک مہاجر کی لاش بھی ملی۔