اٹلی (اصل میڈیا ڈیسک) اٹلی کے وزیر اعظم جوسیپی کونٹے نے کرونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کے لیے ایک غیرمعمولی اقدام کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کرونا وبا پرقابو پانے تک ملک میں بڑے بازار اور کاروباری مراکز بند رکھے جائیں گے۔ البتہ خوراک اور ادویات کے مراکز کو کھلا رکھاجائے گا۔
کونٹے نے ٹی وی پر قوم سے خطاب میں کہا کہ کرونا پرقابو پانے کے لیے ہمیں بہت سے ایسے اقدامات کرنا ہوں گے جو ناگزیر ہیں۔ فارمیسیوں اور فوڈ اسٹورز جیسی بنیادی ضروریات کے سامان کی دکانوں کے علاوہ باقی تمام بازار بند ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گھروں کو سامان کی ترسیل برقرار رکھی جائے گی۔ اس کوشش کے نتائج اور اثرات اگلے 14 دنوں میں ظاہر ہونا شروع ہو جائیں گے۔ اٹلی میں یہ اقدام ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ملک میں کرونا کی وباء سے متاثرہ افراد کی تعداد 12 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ اب تک 827 افراد کی کرونا سے وفات سے تصدیق کی گئی ہے۔