اٹلی (جیوڈیسک) اٹلی میں زلزلے میں ہلاک ہونے والے 278 افراد کے یاد میں سنیچر کو قومی سطح پر یوم سوگ منایا جا رہا ہے۔
اٹلی کے وسطی حصے میں بدھ کو آنے والے شدید زلزلے کے نتیجے میں خدشہ ہے کہ اب بھی متعدد افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان افراد کے زندہ بچنے کی امید کم ہوتی جا رہی ہے لیکن حکام کا کہنا ہے کہ آخری لاپتہ افراد کی تلاش تک امدادی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
امدادی سرگرمیوں میں زلزلے کے جھٹکوں کی وجہ سے مشکلات کا بھی سامنا ہے۔ اٹلی کے وزیراعظم میتیو رینزی اماٹریس میں ہلاک ہونے والے افراد کی یاد میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں شامل ہوں گے۔
حکام کے مطابق سب سے زیادہ ہلاکتیں اماٹریس میں ہوئی جہاں 184 افراد ہلاک ہوئےجو زلزلے کے مرکز کے قریب واقع ہے۔
اس سے پہلے حکام نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے جبکہ وزیرِ اعظم متاثرہ علاقوں میں بحالی کے اقدامات کے لیے پانچ کروڑ یورو فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
جمعرات کو 4.3 شدت کے ایک زلزلے کے بعد امدادی کارکنوں کو پہلے سے متاثرہ عمارتوں سے لاپتہ افراد کی تلاش کے کام کو روکنا پڑا۔