اٹلی (اصل میڈیا ڈیسک) کورونا کے باعث سب سے زیادہ متاثرہ ممالک اٹلی اور فرانس میں اموات اور نئے کیسز کی تعداد میں مسلسل کمی واقع ہو رہی ہے جب کہ چین میں کئی ہفتوں بعد 100 سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
دنیا بھر میں کورونا سے ہلاک افراد کی تعداد ایک لاکھ 14 ہزار سے زائد ہو چکی ہے جب کہ 18 لاکھ 53 ہزار 183 افراد وائرس سے متاثر اور 4 لاکھ 23 ہزار افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
امریکا میں ہلاک افراد کی تعداد 22 ہزار 115 تک پہنچ گئی ہے جب کہ 5 لاکھ 33 ہزار 400 سے زائد افراد اب تک وائرس سے متاثر بھی ہو چکے ہیں۔
چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق اتوار کے روز 108 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ، جن افراد میں وائرس رپورٹ ہوا ن میں سے زیادہ تر بیرون ملک سے آئے تھے۔
اتوار کے روز چین میں دو نئی ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جس کے بعد وہاں اموات 3 ہزار 341 اور مریضوں کی تعداد 82 ہزار 160 ہو گئی ہے۔
برطانیہ اموات کے اعتبار سے تو پہلے ہی چین سے بہت آگے نکل چکا تھا لیکن اب مریضوں کی تعداد کے اعتبار سے بھی برطانیہ نے چین کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جہاں متاثرہ افراد کی تعداد 84 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ اموات ساڑھے 10 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہیں۔
اٹلی کی سول پروٹیکشن ایجنسی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دورا 431 نئی اموات ریکارڈ کی گئیں جو 19 مارچ کے بعد سب سے کم تعداد ہے۔
اٹلی میں مجموعی اموات 18 ہزار 899 جب کہ مریضوں کی تعداد ایل لاکھ 53 ہزار 363 ہو گئی ہے۔
فرانس میں بھی گزشتہ روز 413 اموات ریکارڈ کی گئی جب کہ ہفتے کے روز ہلاکتوں کی تعداد 445 تھی۔
فرانس کی وزارت صحت کے مطابق 315 نئی اموات کے بعد ملک میں ہلاک افراد کی مجموعی تعداد 14 ہزار 393 ہو گئی ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون پیر کے روز قوم کو خبردار کریں گے کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے کورونا کیسز میں کمی واقع ہوئی ہے لہذا اس 17 مارچ سے جاری لاک ڈاؤن کو اگلے کئی ہفتوں کے لیے مزید بڑھا دیا جائے۔