اٹلی میں تارکین وطن کی کشتی کو حادثہ، 27 افراد ہلاک

Italy

Italy

روم (جیوڈیسک) اٹلی میں تارکین وطن کی ایک کشتی ڈوبنے سے کم ازکم 27 افراد ہلاک ہو گئے۔ سیکورٹی حکام کے مطابق سسیلی کے قریب پیش آنے والے اس واقعے میں مالٹا اور اٹلی کی بحریہ نے مشترکہ امدادی کارروائی میں 200 سے زائد افراد کو بچا لیا۔

اٹلی کے ساحلی محافظوں کا کہنا تھا کہ انھیں کشتی سے سیٹیلائٹ فون سے کی جانے والی ایک کال موصول ہوئی کہ وہ مشکل میں ہے۔ مالٹا کے ایک فوجی طیارے نے بعد ازاں اس کشتی کو دیکھا اور ان کی مدد کے لیے کارروائی شروع کی۔

حکام کے مطابق ہیلی کاپٹروں کے ذریعے زخمیوں کو جزیرہ لامپیدوسا منتقل کیا گیا۔ اس واقعے سے ایک ہفتہ قبل افریقی تارکین وطن کی ایک کشتی چھوٹے جزیرہ کے قریب ڈوب گئی تھی اور اس پر سوار کم ازکم تین سو سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

لامپیدوسا جغرافیائی اعتبار سے افریقہ اور اٹلی کے درمیان واقع ہے اور اسی بنا پر نئی اور بہتر زندگیوں کے افریقی باشندے یورپ پہنچنے کے لیے اس جزیرہ کا سفر کرتے ہیں۔