جے پی مورگن کو 13 ارب ڈالرز کا جرمانہ

JP Morgan

JP Morgan

واشنگٹن (جیوڈیسک) بینکنگ شعبے کی معروف ترین کمپنی جے پی مورگن کو 13 ارب ڈالر کا جرمانہ، امریکی محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ جے پی مورگن امریکا میں بینکاری کے نظام کو تباہی کے دہانے تک پہنچانے کا ذمہ دار ہے۔ امریکا میں بینکنگ شعبے کی معروف ترین کمپنی جے پی مورگن پر 13 ارب ڈالر کا ریکارڈ جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق قرض کی ضمانت معاملے کی تحقیقات کے بعد جے پی مورگن پر یہ جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ اس معاملے میں امریکی محکمہ انصاف کے سینیئر حکام کے ساتھ ہوئی بات چیت کے دوران اس معاملے میں عارضی یا وقتی معاہدہ ہوا ہے۔

اس سے قبل قرضوں کی ضمانت میں اصل قیمت سے زیادہ قیمت پر فروخت کو 2007 میں امریکہ میں بینکاری کے نظام کو تباہی کے دہانے تک پہنچانے کا ذمہ دار قرار دیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ جے پی مورگن پر گزشتہ ماہ ایک علیحدہ معاملے لندن وہیل تجارتی خسارہ میں تقریبا ایک ارب امریکی ڈالر کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔ یہ سکینڈل بینک کے سابق ملازم برونو ایکسل کی خریدو فروخت کے نتیجے میں سامنے آیا تھا۔

وال سٹریٹ جرنل نے باخبر ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جے پی مورگن کے وکلا اور امریکا کے اٹارنی جنرل ایرک ہولڈر اور ان کے نائب ٹونی ویسٹ کے درمیان ہوئی بات چیت کے بعد امریکی محکمہ انصاف عارضی طور پر اس نتیجے پر پہنچا کہ کمپنی اس سے عہدہ برآ ہونے کے لئے 13 ارب امریکی ڈالر کی خطیر رقم ادا کرے۔ نیویارک ٹائمز نے بھی یہ خبر دی ہے کہ سرمایہ کار بینک کسی معاہدے کے قریب ہے لیکن ابھی معاہدے کی جزیات پر بات چیت جاری ہے۔ اس کی تصدیق کے لئے نہ تو محکمہ انصاف اور نہ ہی بینک نے کوئی تبصرہ کیا ہے۔

اگر اس بات پر اتفاق ہو جاتا ہے تو یہ کسی بھی امریکی کمپنی کی طرف سے اپنے انداز کی ادا کی جانے والی سب سے بڑی رقم ہوگی۔ اس 13 ارب امریکی ڈالر میں سے 9 ارب امریکی ڈالر تو جرمانے کی رقم ہوگی باقی 4 ارب امریکی ڈالر خسارے سے نبرد آزما مکان مالکان کی ریلیف کے لئے ہوں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ مالی بحران کے دور میں بہت سے سرمایہ کار بینکوں نے بازار میں قرضوں کی ضمانت پر مبنی سکیوریٹیز اور بانڈز کی پیشکش کی تھی۔ ان خصوصی بانڈز میں سرمایہ کاری کے مخلوط پیکجز تھے جن میں سب سے پرکشش پیشکش کسی بھی خطرے سے رہائشی مکان کے لئے قرض تھے۔

جے پی مورگن پر یہ الزام ہے کہ اس نے اس میں شامل خسارے کے باوجود گروی پر مبنی سیکیوریٹیز کی فروخت دانستہ طور پر خطرے سے پاک مکانات کے لئے قرضوں کی بنیاد پر کی۔ حالیہ دنوں میں جی پی مورگن کو قانونی پریشانیوں کا سامنا رہا ہے۔ کبھی یہ واشنگٹن اور وال سٹریٹ کی پسندیدہ بینکنگ کمپنی ہوا کرتی تھی لیکن گزشتہ ہفتے اس نے اپنی سہ ماہی آمدنی میں خسارہ ظاہر کیا ہے جو کہ اپنے آپ میں ایک غیر معمولی بات ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ خسارے ان کے قانونی اخراجات کے نتیجے میں ہوئے جو کہ کل نو اعشاریہ دو ارب امریکی ڈالر تھے۔