پالی کیلے (جیوڈیسک) انگلینڈ ٹیم کے کپتان الیسٹر کُک نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو سری لنکا کی پوری ٹیم 49 اوورز میں 239 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
کمارا سنگاکارا ایک مرتبہ پھر سنچری نہ بنا سکے اور 91 رنز پر آﺅٹ ہو گئے۔ کپتان میتھیوز نے 40 رنز بنائے۔ دیگر کھلاڑیوں میں دلشان 35 اور پریریرا 27 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے ووکس نے تباہ کن باﺅلنگ کی اور صرف 47 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
جورڈن نے 2جبکہ ٹریڈ ویل نے ایک وکٹ حاصل کی۔ انگلینڈ کی ٹیم بیٹنگ کیلئے آئی تو بارش شروع ہوگئی جو وقت ختم ہونے تک نہ رکی جس پر میچ ریفری اور آفیشلز نے مشترکہ طور پر کھیل کو ایک دن کیلئے موخر کر دیا۔ ایک دن کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تو انگلینڈ نے 239 رنز کے جواب میں بیٹنگ کا آغاز کیا تو 35 رنز پر کپتان کُک 20 اور معین علی 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد ٹیلر اور روٹ نے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کرنے کیلئے محتاط انداز سے بیٹنگ کرتے ہوئے سکور 139 تک پہنچا دیا۔ انگلینڈ کی تیسری وکٹ ٹیلر کی گری جنہوں نے 68 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ روٹ نے 104 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر انگلینڈ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
دیگر کھلاڑیوں میں بھوپارا نے 28 جبکہ مورگن 5 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ سری لنکا کی جانب سے سنانائیکے نے 2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا جبکہ دلشان، مینڈس اور پریرا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ سری لنکا کو 7 میچوں کی سیریز میں 3-2 کی برتری حاصل ہے۔ جے روٹ کو شاندار سنچری اور ناٹ آﺅٹ رہنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔